11 فروری ، 2020
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ حکومت کو مافیاز سے نمٹنے کے لیے ہمت کرنا ہو گی، آٹے کا بحران پیدا کرنے والوں کی چھٹی ہونی چاہیے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق صدر عار ف علوی نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو کے دوران کہا کہ ہم عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس گئے اور جو فیصلے کیے اس کا اثر مہنگائی کی صورت میں نکلا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بجلی اور دیگر چیزوں پر سبسڈی ختم کرنے سے مہنگائی بڑھی تاہم مہنگائی پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
آٹا بحران کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مافیاز سے نمٹنے کے لیے ہمت کرنا ہوگی اور آٹے کا بحران پیدا کرنے والوں کی چھٹی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ آٹا بحران پر کچھ گورننس کے مسائل بھی تھے، آٹا جب باہر نہیں بیچنا چاہیئے تھا توبیچا گیا اور پھر قلت ہوئی تو منگوایا گیا ، یہ بات ٹھیک نہیں تھی۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ آٹے کابحران انتظامی معاملہ ہے اوراسے حل کیا جانا چاہیئے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان موجودہ مہنگائی پر قابوپانے اور ملکی معیشت میں بہتری لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔