12 فروری ، 2020
کابل: امریکا اور افغان طالبان کےد رمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہےکہ انہیں امریکی وزیر خارجہ نے امریکا اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیشرفت سے آگاہ کیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں اشرف غنی نے کہا کہ ان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ طالبان نے تشدد میں کمی کے حوالے سے ایک پیشکش کی ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں اس پیشرفت کا خیر مقدم بھی کیا۔
افغان صدر نے اپنی ٹوئٹ میں طالبان کی پیشکش کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ امن پر ہمارے اصولی مؤقف کے چنانچہ دورس ثمر آور نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق طالبان حکام نے افغان صدر کے بیان پر فوری طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا دائرہ تشدد میں کمی تک محدود ہے۔
افغان صدر کے بیان پر وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ صدر ٹرمپ افغانستان سے امریکی افواج کی واپسی چاہتے ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ افغانستان سے کسی قسم کا انخلا نزدیک ہے۔