کورونا وائرس کی نشاندہی کرنے والی ایپ متعارف

فوٹو: بشکریہ بی بی سی 

چین میں جان لیوا کورونا وائرس کی نشاندہی کرنے والی ایپ متعارف کرا دی گئی۔

’کلوز کانٹیکٹ ڈیٹیکٹر‘ نامی ایپ صارف کو اس وقت آگاہ کرتی جب اس شخص کے قریب کوئی ایسا شخص موجود ہو جس میں کورونا وائرس کا شبہ یا تصدیق کی جا چکی ہو۔

صارفین اس نئی ایپ کو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کر کے استعمال کر سکیں گے، صارفین کو ایپ میں اپنا فون نمبر، نام اور آئی ڈی نمبر بھی فراہم کرنے ہوں گے۔

یہ ایپ ان افراد کی نشاندہی کرتی ہے جن میں کورونا وائرس کے خطرات پائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی ایپ ایسے شخص کو گھر پر رہنے کا مشورہ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی محکمہ صحت کے حکام کو بھی اس حوالے سے آگاہ کرتی ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق ایپ کو چین کے سرکاری محکموں اور چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ چین میں پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے وبا کو دنیا کے لیے بڑا خطرہ قرار دیدیا۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق متاثرہ صوبے ہوبئی میں مزید 94 افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 1113 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 44 ہزار 653 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی بندرگاہ پر لنگر انداز ڈائمنڈ پرنسز نامی بحری جہاز میں بھی مزید 39 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد 3 ہزار 700 مسافروں پر مشتمل جہاز میں موجود متاثرہ افراد کی تعداد 175 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :