کام سے بچنے کیلیے ڈرامے کرنیوالی کام چور خاتون کو پولیس نے دھرلیا

فوٹو: بشکریہ سیز نیوز

ملائیشیا میں کام پر نا جانے کے لیے جعلی پولیس رپورٹ درج کرانے والی خاتون پکڑی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 28 سالہ خاتون ایک فیکٹری میں ملازمت کرتی تھیں، انہوں نے کام پر نا جانے کے لیے ایک جھوٹا ڈرامہ رچایا۔

فوٹو: بشکریہ سیز نیوز

مقامی پولیس کے مطابق  پینانگ شہر کی رہائشی خاتون نے واردات کی جھوٹی کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ دو چور موٹر سائیکل پر آئے اور انہوں نے لوٹ مار کے دوران ان کا پرس چھین لیا جس میں ان کا شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس ، آفس کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور کچھ رقم بھی تھی۔

جیسے ہی پولیس نے خاتون کی شکایت پر تفتیش کا عمل شروع کیا تو پولیس نے انکشاف کیا کہ اس سے قبل بھی اس ہی نوعیت کی 3 رپورٹس پہلے بھی درج کرائی جاچکی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ دوران تفتیش ہمیں معلوم ہوا کہ بالکل اس ہی طرح کے کیس پہلے بھی رپورٹ کرائے جا چکے ہیں جب کہ خاتون سے جب جائے واردات کو شناخت کرنے کو کہا گیا تو وہ گھبرا گئیں۔

بعد ازاں خاتون نے اعتراف کر لیا کہ انہوں نے جعلی رپورٹ درج کرائی ہے کیونکہ وہ کام پر جانا نہیں چاہتی تھیں۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ خاتون نے جو سامان چوری ہوجانے کا بتایا تھا وہ سب ان کے ہی پاس تھا جب کہ اس معاملے پر مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔  

مزید خبریں :