Time 15 فروری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس براعظم افریقا تک جا پہنچا، مصر میں پہلا مریض سامنے آ گیا

—فوٹو اے ایف پی

چین سے پھیلنے والا خطرناک کورونا وائرس براعظم افریقا تک جا پہنچا جہاں مصر میں وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق دنیا کے 25 ممالک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ چین سے باہر ہانگ کانگ، فلپائن اور جاپان میں بھی وائرس سے ہلاکت کا کیس سامنے آچکا ہے جس کے بعد وائرس کے براعظم افریقا تک پھیلنے کی تصدیق ہوئی ہے۔

مصر کی وزارت صحت کے ترجمان نے کورونا وائرس کے نتیجے میں ایک کیس کی  تصدیق کی اور بتایا کہ متاثرہ شخص اسپتال میں زیر علاج تھا، اس میں وائرس کی کوئی سنگین علامات نہیں پائی گئی تھیں۔

ترجمان کے مطابق حکام نے سرکاری طور پر مسافروں کے لیے  تشکیل دیئے گئے پروگرام کے تحت  وائرس کی تصدیق کی۔

مصری وزارت صحت کا کہنا تھا متاثر ہونے والا شخص مصر کا شہری نہیں جب کہ  اس کی قومیت یا مصر میں داخل ہونے کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

خیال رہے کہ چین میں جان لیوا کورونا وائرس کے باعث مزید 143 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر  گئی ہیں جب کہ کووڈ 19 سے متاثر ہونے والے افرد کی تعداد 66492 ہوگئی ہے۔

وائرس کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کا  کہنا ہے کہ باوجود اس کے کہ کورونا کے 99 فیصد کیسز چین میں ہیں، یہ وبا دنیا کے لیے سنگین خطرہ قرار ہے اور وائرسز کے اثرات دہشت گردانہ کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں :