دنیا
Time 08 فروری ، 2020

کورونا: چین سے ہانگ کانگ آنیوالوں کیلیے 2 ہفتے کا قرنطینہ لازم قرار

کورونا وائرس: ہانگ کانگ کے چین سے آنے والے افراد کے لیے سخت احکامات جاری—فوٹو اے ایف پی

ہانگ کانگ نے جان لیوا کورونا وائرس کے باعث چین سے آنے والے افراد کیلئے  قرنطینہ کے  سخت نئے احکامات جاری کردیے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ہانگ کانگ نے چین سے آنے والے تمام افراد کے لیے نے قوانین کے تحت  دو ہفتے کا قرنطینہ لازم قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین سے آنے والے سیاحوں کو دو ہفتے تک تنہا ہوٹلز میں رہنا پڑے گا یا پھر وہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ سینٹرز میں قیام کریں گے۔

اس کے علاوہ جو ہانگ کانگ کا شہری ہوگا وہ چین سے آنے کے بعد دو ہفتے تک اپنے آپ کو گھر میں بند رکھے گا۔

ہانگ کانگ حکومت کے مطابق جو کوئی بھی ان قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس پر قید کی سزا اور جرمانہ عائد ہوگا۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ میں کورونا وائرس کے اب تک 26 کیسز تصدیق ہوچکے ہیں جب کہ ایک شخص ہلاک ہوچکا ہے۔

پراسرار کورونا وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی ہے جس کے بعد کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 03-2002میں  چین اور ہانگ کانگ میں آنے والے سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم ( سارس) سے بھی زیادہ ہے جس میں چین میں تقریباً 650 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جب کہ اس وائرس سے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی 120 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 86 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 546 تک جا پہنچی ہے۔

مزید خبریں :