پاکستان
Time 15 فروری ، 2020

نوشہرو فیروز میں پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو قتل کردیا گیا

پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوگئیں۔

اطلاعات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری شدید زخمی ہوگئیں۔

انہیں زخمی حالت میں پیپلز میڈیکل اسپتال نوابشاہ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں، فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پرپیش آیا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی مرحوم زاہد کھوکر کے بھتیجے نے فائرنگ کی۔ مبینہ طور پر بہنوئی کے بھتیجے نے زنان خانے میں گھس کر گولیاں برسادیں۔ 

شہناز انصاری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ضلعی صدر بھی تھیں۔ شنہاز انصاری نے سوگواران میں شوہر، دو بیٹے اور 4 بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنےکاحکم دیا ہے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :