15 فروری ، 2020
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں بلاول نے کہا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبرسن کر صدمے میں ہوں، شہناز انصاری ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔
بلاول نے مزید کہا کہ شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں اور قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں شہناز انصاری کے سوگوار اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔
خیال رہے کہ نوشہرو فیروز میں فائرنگ کے واقعے میں پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری جاں بحق ہوگئی ہیں۔
نوشہرو فیروز میں دریا خان مری کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں شرکت کرنے آئی تھیں، فائرنگ کا واقعہ زمین کے تنازع پرپیش آیا۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہناز انصاری کے بہنوئی مرحوم زاہد کھوکر کے بھتیجے نے فائرنگ کی۔
شہناز انصاری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔