15 فروری ، 2020
کورونا وائرس سے یورپ میں پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جہاں فرانس میں ایک 80 سالہ شخص دم توڑ گیا۔
فرانسسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کی وزیرِ صحت ایجنس بوزین کا کہنا تھا کہ فرانس میں 80 سالہ چینی سیاح پُراسرار کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے بعد ایشیا کے باہر پہلی کورونا وائرس سے موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔
فرانس کی وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ انہیں اس شخص کی موت کی اطلاع جمعے کی شام ملی جو کہ جنوری کے آخر سے اسپتال میں موجود تھا اور اس کی صحت میں کسی بھی قسم کی کوئی بہتری نہیں آرہی تھی بلکہ اور حالت خراب ہوتی جارہی تھی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس پچھلے سال کے آخر میں پھیلنا شروع ہوا تھا، اس وائرس سے اب تک 66 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1 ہزار 500 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
چین کے شہر ہوبئی جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا وہاں کے حکام نے اس ہفتے وائرس کے کیسز کی گنتی کا عمل تبدیل کیا جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
کورونا وائرس سے اب تک چین سے باہر 4 اموات ہوچکی ہیں جن میں فلپائن، ہانگ کانگ،جاپان اور فرانس میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا۔
ہوبئی اور اُس کے شہر ووہان میں 5 کروڑ 60 لاکھ افراد اس وقت قرنطینہ میں ہیں، وائرس پر قابو پانے کے لیے اس شہر میں آمد و رفت کی پابندی لگائی گئی ہے۔
چین سے باہر تقریباً 600 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 35 کیسز یورپی یونین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
فرانس کی وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 6 افراد اس وقت اسپتال میں داخل ہیں مگر متاثرہ افراد کی حالت اتنی خراب نہیں ہے۔