Time 17 فروری ، 2020
کھیل

عمر خان نے شین واٹسن کو نشانے پر رکھ لیا

فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں بڑے بڑے کھلاڑیوں کی وکٹ حاصل کرنے والے نوجوان بولر عمر خان نے ایک بار پھر بڑے ناموں کو اپنی ریڈ بک میں شامل کر لیا۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں عمر خان نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح اس بار بھی وہ حریف ٹیموں میں شامل بڑے بڑے کھلاڑیوں کو آؤٹ کریں گے، ایک بار پھر شین واٹسن کی وکٹ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والے بیس سالہ عمر خان نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اس وقت توجہ کا مرکز بن گئے تھے جب انہوں نے لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز سمیت ہر ٹیم کے ٹاپ پلیئر کی وکٹ حاصل کی تھی۔

پی ایس ایل فور میں نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے باوجود بھی عمر خان سلیکٹرز کی توجہ حاصل نہیں کر سکے تھے لیکن وہ پرامید ہیں کہ اس بار مزید بہتر پرفارم کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں جگہ حاصل کریں گے۔

ایک سوال پر نوجوان اسپنر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کھیل کر ان کی زندگی بدل گئی ہے، پہلے کوئی نہیں جانتا تھا لیکن اب ہر کوئی ان کی بات کرتا ہے جس کی وجہ سے بہت اعتماد ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں میں ٹاپ پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرکے بہت مورال بلند ہو رہا ہے، وسیم اکرم بھی بہت گائیڈ کرتے ہیں جس کی وجہ سے بہت مدد ملتی ہے۔

مزید خبریں :