17 فروری ، 2020
پی ایس ایل فائیو کے لیے ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ لاہور میرا شہر اور میرا گھر ہے، پی ایس ایل یہاں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔
ملتان سلطانز کی پی ایس ایل فائیو کے لیے تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر نے کہا کہ 2017میں ورلڈ الیون کے ساتھ دورہ کیا اور یہاں کھیلنے کا موقع ملا، اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ میں اپنے شہر اور اپنے گھر میں کھیل رہا ہوں اس لیے اس کا تو اپنا مزہ ہے۔
عمران طاہر نے کہا کہ پاکستان میں سپر لیگ ہو رہی ہے، میں یہاں پلا بڑھا ہوں یہاں کھیلنا فخر کی بات ہے، ورلڈ الیون کے بعد اب میری فیملی مجھے یہاں براہ راست کھیلتا ہوا دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا مکمل ایڈیشن پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے، اپنے ملک کا برانڈ اپنے ملک میں ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کرکٹرز کو فائدہ ہوتا ہے، اسپانسر شپ کے معاہدے زیادہ ہوتے ہیں اور لوگوں کو بڑی تعداد میں روزگار ملتا ہے۔
لیگ اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ میرا یقین اس بات پر ہے کہ پوائنٹس ٹیبل کی بجائے تسلسل کے ساتھ کھیلیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، آپ کا کام محنت کرنا ہے، اس کا صلہ اللہ نے دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کے پاس نوجوان کھلاڑی ہیں جو کہ باصلاحیت ہیں، نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ ہمارے پاس لیجنڈری شاہد آفریدی بھی ہیں، ایسے کرکٹرز کا ہونا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
عمران طاہر نے کہا کہ میرا انفرادی نہیں ٹیم کی جیت کا ٹارگٹ ہے، اپنے روایتی انداز کا جشن منانے کے لیے مجھے وکٹیں لینا ہوں گی، اگر وکٹیں لوں گا تو ضرور اس کے بعد گراؤنڈ میں اپنے انداز میں جشن مناؤں گا کیونکہ کرکٹ میرا جذبہ ہے جو کم نہیں ہو سکتا، محنت کر رہے ہیں لیکن نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں ہیں۔