پاکستان
Time 17 فروری ، 2020

امن مشنز میں قربانیاں دینے والے پاکستانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے :انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد جوانوں نے امن مشنز کے لیے کام کیا، قربانیاں دینے والے پاکستانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

انتونیو گوتریس  نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)  کے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی میں  اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار پر سیمنار سے خطاب میں  پاکستانی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں امن مشنز کے جوانوں کا ساتھی ہوں، نسٹ میں خطاب میرے لیے باعث فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افسران امن مشنز میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں، اور وہ امن کے لیے بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

 انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ  تنازعات کے حل کے لیے اقدامات میں مشکلات درپیش ہیں، نئے چیلنجز امن کے تمام شراکت داروں کے لیے اہم ہیں۔

اس موقع پر نسٹ کے ریکٹر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے  سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان عالمی امن مشنز میں اپنے اہلکار بھجوانے والا چھٹا بڑا ملک ہے۔

 '9 ممالک میں پاکستان کے 4ہزار 460 اہلکار تعینات ہیں'

انہوں نے بتایا کہ پاکستان 18 سال سے اقوام متحدہ امن مشنز میں اپنے اہلکار بھجوا رہا ہے، اس وقت400  پاکستانی  خواتین اہلکار  امن مشنز میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

 نسٹ کے ریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کے 9 ممالک میں پاکستان کے 4 ہزار 460 اہلکار تعینات ہیں ،نسٹ کے طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل  اقوام متحدہ نے پاکستانی امن مشنز سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔

مزید خبریں :