17 فروری ، 2020
سندھ میں محکمہ خوراک کے سجاول اور ٹھٹھہ کے سرکاری گوداموں سے گندم کی 10 ہزار سے زائد بوریاں خرد برد کرلی گئیں۔
سجاول کے گودام سے 6 ہزار 247 اور ضلع ٹھٹھہ میں مکلی کے گودام سے 4 ہزار 485 بوریاں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ تحقیقات کے دوران گودام سے گندم کی بوریوں سے گھاس اور بھوسہ برآمد ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری گوداموں سے 10 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں خرد برد کرنے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ان گوداموں کے انچارچ اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے درمیان تنازع پیدا ہوا۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نزاکت عباسی کا کہنا ہے کہ مکلی کے گودام کے انچارچ یوسف چنہ اور سجاول گودام کے انچارچ یاسین شاہ کو معطل کر کے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن سندھ کو کہا گیا ہے۔