کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں کا مقدمہ درج

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ،فوٹو:پی پی آئی

کراچی پورٹ سے  متصل علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں اور شہریوں کے متاثر ہونے کا مقدمہ جیکسن تھانے میں درج کرلیا گیا۔

 پولیس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 143/20 جیکسن تھانے کے ایس ایچ او ملک عادل کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔

 پولیس کے مطابق کیماڑی میں مسان روڈ، ریلوے کالونی، جیکسن بازار اور اطراف کی آبادی میں زہریلی گیس سے شہریوں کے متاثر ہونے کا عمل گزشتہ شام 6 بجے شروع ہوا تھا۔

ایف آئی آر آج صبح 6 بجے کے وقت پر درج کی گئی ہے جس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے وقت تک زہریلی گیس کا شکار ہوکر 5 افراد جاں بحق، 63 متاثر ہوچکے تھے۔

 ایف آئی آر میں گیس پھیلنے کی وجوہات کا کھوج لگانے اور ملزمان کو تلاش کرنے کا کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کیماڑی میں پھیلنے والی پر اسرار زہریلی گیس سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوچکی ہے جب کہ کل 132 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، علاقہ مکین کہتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے کوئی کیمپ لگا نہ ہی آگاہی دی گئی،اب بھی لوگ گیس سے متاثر  ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب حکام کی جانب سے تاحال وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق افراد میں سے کسی کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں ہوسکا۔

مزید خبریں :