’پاکستان میں مکمل انعقاد کے بعد پی ایس ایل بگ بیش سے بہتر لیگ بن جائے گی‘

یہ بہت اہم ہے کہ اب ساری لیگ پاکستان میں ہورہی ہے، اس سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا، وسیم اکرم— فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، سوئنگ کے سلطان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کی خواہش ہے کہ پاکستانی کرکٹ فینز پی ایس ایل کے دوران خوب ہلہ گلہ کریں، ہر میچ میں بھرپور شور مچائیں اور کرکٹ کو انجوائیں کریں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان کا امیج بہت اچھا ہوا ہے، یہ دنیا کی ٹاپ لیگز میں سے ایک ہے، آئی پی ایل کے بعد بگ بیش اور پی ایس ایل کا نام آتا ہے اور اب پاکستان میں آنے کے بعد یہ بگ بیش سے بھی بہتر ہوگی۔

انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ہر میدان میں بھرپور ہجوم ہو اور عوام خوب شور مچائے تاکہ کرکٹ کو ہر کوئی انجوائے کرے۔

ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے یہ بہت اہم ہے کہ اب ساری لیگ پاکستان میں ہورہی ہے، اس سے پاکستان کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا، خاص طور پر ان لوگوں کیلئے یہ لمحہ بہت اہم ہے جو بڑے عرصے سے کرکٹ کے منتظر تھے، جس بھی ٹیم کو سپورٹ کریں، کھلے دل سے جائیں، امید ہے اس بار چیزیں اور آسان ہوں گی۔

سوئنگ کے سلطان نے مزید کہا کہ آئیڈیا تو ہر بار ہی ٹیم کا یہی ہوتا ہے کہ ٹورنامنٹ جیتے، سب آتے ہی اس لیے ہیں، پچھلے سال بھی کراچی کنگز بدقسمتی سے ایلیمینٹرز میں ہار گئے تھے، اس بار بہت اچھی سائیڈ ہے لیکن اس بار پی ایس ایل میں ساری ٹیمیں ہی اچھی ہیں، آخر میں وہی ٹیم کامیاب ہوگی جو تسلسل سے کھیلے گی اور جو کم بیک کرنے کی صلاحیت دکھائے گی۔

کراچی کنگز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آن پیپرز تو ٹیم اچھی لگ رہی ہے لیکن یہ دیکھنا ہے کہ پچ پر کیسا پرفارم کرتی ہے اور بہترین پرفارمنس کو یقینی بنانے کیلئے وہ اور ڈین جونز مل کر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے پاس اچھے پلیئرز ہیں ایسے پلیئرز جو اکیلے میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں جیسے بابر اظم، ایلیکس ہیلز، چیڈوک والٹن، بولنگ میں بھی اچھی ورائٹی ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ٹیم میں شامل ایمرجنگ پلیئر ارشد اقبال سے وہ بہت متاثر ہوئے ہیں اور ارشد بولنگ ڈپارٹمنٹ میں ان کی ٹیم کو کافی اچھے آپشنز دیتا ہے۔

وسیم اکرم نے پچھلے سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے عمر خان کو چانس نہ ملنے پر حیرانی کا اظہار کیا اور ڈومیسٹک کوچز کو آڑے ہاتھ بھی لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی نوجوان پلیئر کو آگے کیسے لے جاؤ گے جب اسے فرسٹ کلاس ہی نہیں کھلاؤ گے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر لوگوں کو لائیں، یہ دیکھیں کہ کون نئے پلیئرز سسٹم کو دے رہا۔

مزید خبریں :