کھیل
Time 18 فروری ، 2020

پی ایس ایل 5 کی تیاریاں جاری، نیشنل اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ڈی جی رینجرز سندھ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا — فوٹو: سوشل میڈیا 

پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے آغاز میں اب کچھ گھنٹے ہی باقی رہ گئے ہیں اور کراچی میں تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فل ڈریس ریہرسل ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) رینجرز سندھ میجر عمر بخاری نے ریہرسل کا معائنہ کیا۔

میجر جنرل عمر  احمد بخاری نے نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈریسنگ رومز، دوسری منزل پر قائم اسپتال اور گراؤنڈ کے مختلف حصے دیکھے۔

ڈی جی رینجرز  کا میڈيا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، افتتاحی تقریب اور میچز کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات کرلیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا بھی نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور پی ایس ایل میچز کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس دوران وزیراعلیٰ کو ڈی جی رینجرز اور کمشنر کراچی نے بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہونے چاہیں، یہ سندھ کا ایونٹ ہے، ہم سب نے اس کو مل کر تاریخی بنانا ہے، پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ بن گیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے گراؤنڈ اور پچ کا بھی معائنہ کیا۔

جمعرات کو افتتاحی تقریب اور میچز کے لیے بھرپور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ٹیموں کے وارم اپ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری طرف شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی سیل لگ گئی اور انتظامیہ نے 2 انکلوژر کے ڈھائی ہزار روپے والے ٹکٹس سستے کردیے ہیں۔

 پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہوگا، ایکشن سے بھرپور ان مقابلوں میں 36 غیر ملکی کرکٹرز بھی ایکشن میں ہوں گے، ایونٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :