پاکستان
Time 19 فروری ، 2020

کیماڑی میں ہلاکتوں کی وجہ سویابین کی دھول قرار، آئل سپلائی بند ہونے سے پٹرول کی قلت

محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے علاقے کیماڑی کے رہائشیوں کے متاثر ہونے کی وجہ سویابین ڈسٹ (دھول) کو قرار دیتے ہوئے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔

سندھ حکومت کا اصرار ہے کہ گذشتہ 3 روز کے دوران کیماڑی میں جاں بحق ہونے والے 14 افراد بندرگاہ پر لائے گئے سویا بین کی ڈسٹ سے متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے علاقہ مکینوں کے لیے ہیلتھ ایڈوائزری (طبی ہدایات) بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سویابین ڈسٹ دمے میں مبتلا افراد کے لیے بہت زیادہ نقصان دہ ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ  سویابین ڈسٹ نظام تنفس کو متاثر کرتا ہے جس کی تصدیق ماہرین  نے بھی کردی ہے۔

 صوبائی محکمہ صحت نے  ہیلتھ ایڈوائزری میں کہا ہے کہ علاقہ مکین صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں، ضروری ہوتو ماسک پہن کر باہر نکلا جائے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان و وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون و ماحولیات مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کیماڑی کے واقعے پر جامعہ کراچی کے ماہرین نے رپورٹ جمع کرادی  ہے جس کے مطابق واقعہ سویابین ڈسٹ کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

سویابین لانیوالے  جہاز کو کراچی پورٹ سے روانہ کرنے کا فیصلہ

رپورٹ کے پیش نظر  بندرگاہ پر سویابین ان لوڈ کرنے کے لیے لنگر انداز امریکی جہاز ’ہرکولیس‘ کو   پورٹ قاسم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم  سمندر کی سطح آب کم ہونے پر جہاز کی روانگی فی الحال روک دی گئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق آئندہ کے لیے سویابین کو کراچی بندرگاہ پر آف لوڈنگ سے بھی منع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کمشنر کراچی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو معاملات کی مزید چھان بین کرے گی۔

کیماڑی آئل ایریا بند ہونے سے شہر میں پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی

دوسری جانب کیماڑی آئل ایریا بند ہونے سے شہر میں پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی اور پمپس بند ہونا شروع ہوگئے۔

 صدر، شارع فیصل، کارساز پر بیشتر پیٹرول پمپس بند ہوگئے جبکہ جو  پیٹرول پمپس کھلے ہیں ان میں عوام کا رش بڑھ گیا ہے۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ جو پمپس کھلے ہیں ان پر پیٹرول مہنگا دیا جارہا ہے۔

کیماڑی آئل ایریا بند ہونے سے دوسرے دن بھی تیل سپلائی معطل ہے، وفاقی وصوبائی محکموں کی آئل ایریا کھولنےسےمتعلق حکمت عمل واضح نہ ہوسکی، کچھ آئل کمپنیز نے پورٹ قاسم اور قریب موجود اسٹوریج ٹینکس سے سپلائی شروع کردی۔

رہنما آئل ٹینکر ایسوسی ایشن شمس شہوانی کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر کیماڑی آئل ایریا کھولے، آئل ایریا نہ کھولا گیا تو کچھ جگہوں پر پیٹرول قلت ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :