22 فروری ، 2020
پنجاب حکومت کی پابندی کے باوجود راولپنڈی میں بسنت منائی گئی جس کے باعث مختلف حادثات میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے پتنگ بازی روکنے کے لیے بھرپور مہم چلائی گئی تھی مگر اس کے باوجود منچلے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔
راولپنڈی کے تھانوں بنی، گنجمنڈی، ریس کورس، سٹی اور رتہ امرال کی حدود میں پتنگ بازی کے دوران فائرنگ اور چھتیں گرنے جیسے واقعات میں ایک خاتون اور دو سالہ بچے سمیت 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
سی پی او راولپنڈی احسن یونس کے نوٹس لینے پر پولیس حرکت میں آئی جس کے بعد کارروائی کے نتیجے میں تین سو سے زائد پتنگ بازوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ سیکڑوں پتنگیں دھاتی ڈوریں اور اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کر لیے گئے۔