کھیل
Time 22 فروری ، 2020

گراؤنڈ میں علی ظفر کا گانا چلانے کی اجازت نہیں: علی گوڈیل کا انکشاف

علی ظفرکے ساتھ کیا ہوا، فیمینزم اپنی جگہ، می ٹو مہم اپنی جگہ لیکن وہ اب تک مجرم ثابت نہیں ہوئے: علی گوڈیل — فوٹو:فائل 

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب کے میزبان و میچ کے دوران شائقین کا جوش بڑھانے والے احمد گوڈیل نے انکشاف کیا ہے کہ میچز کے دوران معروف گلوکار علی ظفر کے گانے چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

پاکستان سپر لیگ  کے پانچویں ایڈیشن کے آفیشل گیت ’تیار ہیں‘ کو کئی گلوکاروں نے مل کر گایا ہے جس میں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر شامل ہیں۔

گیت جاری ہونے کے بعد شائقین کو نہیں بھایا جنہوں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور 20 فروری کو افتتاحی تقریب کے بعد اس معاملے پر گلوکار علی عظمت اور علی ظفر آمنے سامنے بھی آگئے ہیں۔ 

اب اسی حوالے سے احمد گوڈیل نے اہم انکشاف کیا ہے جس سے معاملہ طول پکڑتا نظر آرہا ہے۔ 

میزبان احمد گوڈیل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو  پوسٹ کی ہے جس میں کہا ہے کہ ’علی ظفرکے ساتھ کیا ہوا، فیمینزم اپنی جگہ، می ٹو مہم اپنی جگہ لیکن وہ اب تک مجرم ثابت نہیں ہوئے، سننے میں آیا تھا کہ میشا شفیع کیس بھی ہار گئیں تھیں لیکن پی ایس ایل میں مجھے اجازت نہیں کہ علی ظفر کا کوئی گانا چلاؤں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں پرانی باتوں کو  بھلاکر اسٹارز کو سپورٹ کرنا چاہیے، ہمیں اس سب کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے‘۔

خیال رہے کہ علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں گیت ’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جو لیگ کی پہچان بن چکا ہے تاہم اپریل 2018 میں گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر پر حراسانی کا الزام لگایا تھا۔ 

میچ کے دوران شائقین کا جوش بڑھانے والے احمد گوڈیل نے ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ مجھے علی ظفر کے حوالے سے بیان دینے پر نکالا گیا، اگر مجھے نکالنا ہی تھا تو کوئی اچھی وجہ بتادیتے ، غیر پیشہ وارانہ قرار دے دیتے۔ 

ایک گھنٹے بعد دوسری پوسٹ میں احمد گوڈیل نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان تبدیل کرنے پر خوش ہیں، پہلے علی ظفر کا کہا گیا اور اب بتایا کہ میں نان پروفیشنل ہوں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ترانے ’تیار ہیں‘ میں اپنی آواز شامل کرنے والے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک فنکار ہے انہوں نے گانے کو خراب کرنے کے لیے ایک بلاگرز کا گروپ بنایا انہیں پیسے دیے تاکہ وہ گانے کو ناکام کریں اور سوشل میڈیا پر اس کے لیے مہم چلائیں۔

اس کے بعد علی ظفر نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام شیئر کیا کہ ’اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ چل رہا ہے یعنی کوئی ازدواجی مسئلہ یا کوئی سماجی مسئلہ، اگر کاروبار نہیں چل رہا، گانا نہیں چل رہا یا ایونٹ نہیں چلا تو اس کے ذمہ دار آپ نہیں میں ہوں‘۔

گلوکار نے کہا کہ میں اس لیے ذمہ دار ہوں کیونکہ میں اتنا طاقتور ہوں کے میرے پے رول پر بلاگرز ہیں، کیمبرج اینلیٹیکا کیا ہے، ٹرمپ کیا ہے بلکہ اسے الیکٹ کس نے کروایا؟۔۔۔ آپ کے بھائی (علی ظفر) نے، تو اس لیے اپنے کمرے میں ایک بورڈ لگائیں اس پر میری تصویر لگائیں اور روزانہ صبح اٹھ کر ٹھا ٹھا کرکے ماریں تاکہ دل ہلکا ہو غصہ کم ہو‘۔

مزید خبریں :