کراچی میں پھر اسکول وین میں آتشزدگی کا واقعہ، بچے محفوظ رہے

کراچی کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں بچوں سے بھری ہوئی اسکول کی وین میں آگ لگ گئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کنیز فاطمہ سوسائٹی ختم نبوت چوک کے قریب اسکول کے بچوں سے بھری وین میں آگ لگ گئی تاہم  فوری طور پر تمام بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق وین میں اسکول کے 15 بچے موجود تھے جو کہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے جب کہ آگ لگنے سے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔

آگ لگنے سے بچوں کے بستے اور دیگر اشیاء بھی جل گئیں  جب کہ وین میں لگنے والی آگ کو ایک فائر ٹینڈر نے موقعے پر پہنچ کر بجھا دیا۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے وین ڈرائیور کو گرفتار کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ٖڈرائیور سے تفتیش کی جائے گی اور تحقیق کی جائے گی کہ گاڑی میں پیٹرول سے بھری بوتل تو نہیں رکھی تھی  اور آگ لگنے کے کیا محرکات ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال 5 جنوری کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 14 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سندھ حکومت نے  اسکول وین اور بسوں میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر لگانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید خبریں :