ایمازون کا کورونا وائرس کے خاتمےکا دعویٰ کرنیوالی جعلی مصنوعات کیخلاف ایکشن

فوٹو: فائل

آن لائن ریٹیل کی عالمی شہرت یافتہ امریکی کمپنی ایمازون نے کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے کا دعویٰ کرنے والی جعلی مصنوعات کو ہٹادیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق جھوٹی معلومات کا سلسلہ سوشل میڈیا سے شروع ہوا تھا جس کے بعد اب یہ عالمی شہرت یافتہ ای کامرس پلیٹ فارم پر بھی آگیا ہے۔

کمپنیاں جھوٹی معلومات کے ذریعے کورونا وائرس سے خوف زدہ صارفین کو نشانہ بنا رہی ہیں، چیزیں فروخت کرنے والے اپنے کلینرز، سرجیکل فیس ماسکس اور اسپرے کو بیچنے کے لیے وضاحت میں بتاتے ہیں کہ ان کی پروڈکٹس کورونا وائرس کو ختم کرنے کے قابل ہیں۔

اس سلسلے میں یہ کمپنیاں عالمی ادارہ صحت اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے نام کا بھی استعمال کر رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ تمام تر مصنوعات وہی ہیں جو کہ عام جراثیم اور بیماریوں کو ختم کرتی ہیں جب کہ ان میں سے کچھ مصنوعات ایسی بھی ہیں جو کسی قسم کے جراثیم کو ختم کرنے کی طاقت نہیں رکھتیں۔

کمپنی کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اگر صارفین کو ایمازون پر کوئی جعلی مصنوعات نظر آئے جو کہ کورونا وائرس کے علاج یا اس کے خاتمے کا دعویٰ کر رہی ہو تو ایسی مصنوعات کو نظر انداز کریں یا تو ایمازون کو رپورٹ کریں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ایمازون کی پالیسی غیر رجسٹرڈ میڈیکل ڈیوائسز یا مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد کرتی ہے کیونکہ یہ جعلی مصنوعات لوگوں کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتیں ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کی جانب سے بھی کورونا وائرس کے پیشِ نظر ایک احسن اقدام کیا گیا تھا۔

فیس بُک حکام کا کہنا ہے کہ ہم عالمی سطح پر اس پراسرار وائرس سے متعلق غلط معلومات اور غلط طریقہ علاج پھیلانے والی پوسٹوں کو ہٹانے کے حوالے سے قدم اٹھائیں گے۔

مزید خبریں :