پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

پنجاب اور بلوچستان میں پولیو کے مزید کیسز سامنے آگئے

پنجاب اور بلوچستان میں پولیو کے دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت بلوچستان کے حکام کے مطابق صوبے میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ پولیو کا نیا کیس سبی کے علاقے سے سامنے آیا ہے جہاں 7 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پولیو کی تصدیق کے لیے بچے کا سیمپل 14 فروری کو لیا گیا تھا۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے سے انکاری رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں رواں سال کے دوران یہ پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس سےقبل پشین اور نصیرآباد سے پولیو کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔

پنجاب انسداد پولیو پروگرام نے بھی ڈیرہ غازی خان میں نئے پولیو کیس کی تصدیق کی ہے۔

نیا پولیو کیس ضلع ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل تونسہ سے رپورٹ ہوا ہے۔

ترجمان پنجاب انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ لال خان کی عمر 8 ماہ ہے، بچے کی دائیں ٹانگ پولیو وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئی۔

حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بچے کا والد محنت مزدوری کرتا ہے، بچے کی ویکسی نیشن ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے۔

انسداد پولیو پروگرام نے نیا کیس سامنے آنے کے بعد نئی پولیو مہم کا اعلان کر دیا ہے، 16 مارچ سے ڈی جی خان میں 5 روزہ پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :