28 فروری ، 2020
کینیڈا نے شاہی خاندان سے راہیں جدا کرنے والے برطانوی شہزادہ ہیری اوران کی اہلیہ میگھن مارکل کو مزید سیکیورٹی فراہم نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن مارکل شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد سے کینیڈا میں مقیم ہیں جہاں انہیں نومبر 2019 سے کینیڈین پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیڈا کی عوامی تحفظ کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ ہیری اور میگھن کو اب شاہی خاندان کا سینئر فرد نہیں سمجھا جاتا تو وہ عوام کے فنڈز سے سیکیورٹی کے بھی حقدار نہیں ہیں۔
کینیڈین حکومت کے مطابق "شہزادے ہیری اور میگھن نے کینیڈا میں وقت گزارنے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث ذمہ داری بنتی تھی کہ ہم انہیں تحفظ فراہم کریں تاہم اب ان کی حیثیت کی تبدیلی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ ہفتوں میں ان کو فراہم کی گئی سیکیورٹی ختم کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے سینئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
شاہی جوڑے کے ہاں 8 ماہ قبل بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام آرچی رکھا گیا۔ دونوں نے فیصلہ کیا تھا کہ اب وہ معاشی طورپر بھی خود مختار زندگی گزاریں گے اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ کینیڈا میں زندگی بسر کریں گے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بیان کے مطابق اس دوران وہ ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ اور اپنے بڑوں کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جو کہ ان کے لیے باعث فخر ہے۔
اس حوالے سے برطانوی شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے فیصلے پر بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے، شہزادے کی مختلف راستہ اختیار کرنے کی خواہش کو سمجھتے ہیں، معاملے میں پیچیدہ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے میں وقت لگے گا۔