دنیا
Time 28 فروری ، 2020

جنوبی کوریا: ہنڈائی موٹر نے ورکرز میں کورونا کی تصدیق کے بعد فیکٹری بند کردی

فوٹو: رائٹرز

سیول: ہنڈائی موٹر نے دو ورکرز میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد جنوبی کوریا کی فیکٹری بند کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا میں ہنڈائی موٹر کی فیکٹری میں کام کرنے والے دو ملازمین کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کمپنی نے فیکٹری بند کرنے اعلان کردیا۔

اس حوالے سے ہنڈائی موٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کمپنی نے وائرس سے متاثرہ دو ملازمین کے قریبی ساتھیوں کو خود ساختہ قرنطینہ میں رکھا ہے اور ممکنہ طور پر وائرس انفیکشن کے پیش نظر ان کے ٹیسٹ بھی لیے جائیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہےکہ کمپنی کو وائرس سے پاک کیا جارہا ہے اور پروڈکشن دوبار شروع کرنے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہنڈائی کے اعلان کے بعد جنوبی کوریا کے آٹو میکر شیئرز میں مزید 5 فیصد کمی واقع ہوگئی جب کہ اسٹاک مارکیٹ بھی 3.3 فیصد تک گر گئی۔

جنوبی کوریا میں 28 فروری کو کورونا وائرس کے 256 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں وائرس کے کیسز کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں واقع ہنڈائی موٹر کی یہ فیکٹری السان شہر میں ہے جو کورونا وائرس سے متاثرہ مرکزی شہر سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ ہنڈائی موٹر کی السان شہر میں پانچ فیکٹریاں ہیں جن کی گاڑیاں بنانے کی سالانہ پیداوار 1.4 ملین ہے جو دنیا بھر میں ہنڈائی کی پروڈکشن کا 30 فیصد ہے۔

مزید خبریں :