Time 27 فروری ، 2020
پاکستان

کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد کراچی کے میڈیکل اسٹورز سے ماسک غائب

ماسک کی برآمد پر پابندی کے باوجود چین کو لاکھوں ماسک برآمد کیے گئے۔ فوٹو: فائل

کراچی:کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد شہر بھر کے میڈیکل اسٹورز سے ماسک غائب ہو گئے۔

گزشتہ روز کراچی میں ایران سے آنے والے ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومت الرٹ ہو گئی ہے اور کراچی میں متعدد مقامات پر آئسولیشن سینٹر بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

ادھر کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد کراچی کے میڈیکل اسٹورز سے ماسک غائب ہو گئے ہیں۔

میڈیکل اسٹور مالکان نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ عام ماسک کا ڈبہ پہلے 300 سے 400 روپے تک کا تھا جس کی قیمت اب ہزار روپے سے بھی بڑھ گئی ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ این 95 ماسک مہنگا ہو گیا ہے اور ماسک مہنگے ہونے کے باوجود بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔

پابندی کے باوجود ماسک کی برآمد، پاکستان میں شدید قلت

حکومت پاکستان کی جانب سے ماسک کی برآمد پر پابندی کے باوجود چین کو 10 ہزار این 95 اور 36 لاکھ 13 ہزار عام ماسک برآمد کیے گئے۔

پابندی کے باوجود 6 کمپنیوں کو ماسک کی برآمد کی خصوصی اجازت دی گئی جس کے بعد ملک میں ماسک کی کمی ہو گئی ہے اور قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہو گیا۔

حکام وزارت صحت کا اس حوالے سے مؤقف ہے کہ پاکستان میں ماسک کی مصنوعی قلت ذخیرہ اندوزوں نے کر رکھی ہے۔

لاہور سے بنکاک جانے والے شہری سے ہزاروں ماسک برآمد

دوسری جانب کسٹم حکام نے لاہور ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر سے 43 کلو وزنی ماسک برآمد کر لیے۔

کسٹم حکام کے مطابق فیصل آباد کا مسافر ماسک تھیلوں میں بھر کر غیر ملکی پرواز سے بنکاک جا رہا تھا جس حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :