03 مارچ ، 2020
وائرلیس چارجر جدید ترین ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور متعدد ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ابھی بھی اس پر کام کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ، چین کی مقبول ترین ٹیکنالوجی کمپنی شیاؤمی کی جانب سے حال ہی میں 40 واٹ کی تیز ترین رفتار سے چارج کرنے والا وائرلیس چارجر متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی کے سربراہ لی جون نے ایک مختصر ویڈیو کلپ شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیاؤمی کا ایم آئی پرو 10، 40 واٹ والے وائر لیس چارجر سے چارج ہورہا ہے۔
وائرلیس چارجر 20 منٹ میں موبائل فون کو 57 فیصد تک چارج کر دیتا ہے جب کہ فون کو 100 فیصد تک چارج کرنے کے لیے وائر لیس چارجر کو صرف 40 منٹ کا وقت لگتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس 40 واٹ کے وائرلیس چارجر میں ایم آئی-ایف سی فلیش چارجنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل موبائل فون کمپنی ویوو کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا تھا کہ وہ 60 واٹ کا وائرلیس چارجر متعارف کرائے گی لیکن کمپنی کی جانب سے اب تک یہ چارجر پیش نہیں کیا گیا۔