2020 لوگوں کو نوکریاں دینے اور شرح نمو بڑھانے کا سال ہے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ  2020 لوگوں کو نوکریاں دینے اور شرح نمو بڑھانے کا سال ہے۔

کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فلاحی ادارے کی کامیابی عوام کے اعتماد سے ہوتی ہے، جب میں کینسر اسپتال بنا رہا تھا تو بتایا گیا کہ 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی، عوام کو اعتماد ہو جائے کہ ان کا پیسہ صحیح جگہ پر خرچ ہوگا تو وہ پیسہ دیتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان بلا سود قرض فراہم کررہے ہیں — فوٹو: پی آئی ڈی 

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام زندگی کی ریس میں پیچھے رہ جانے والوں کی مدد کرنا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ کمزور طبقے کو اٹھائے، حکومت سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتی ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2020 لوگوں کو نوکریاں دینے اور گروتھ ریٹ بڑھانے کا سال ہے، وسائل بہتر ہو جائیں گے تو سب سے زیادہ پیسہ ہاؤسنگ، تعلیم اور انصاف پر خرچ کیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں کہ پورے پاکستان میں کمزور طبقوں کو ہیلتھ کارڈ ملیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہرحد تک جائیں گے۔

اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کو بھی 10 ارب کا پیکج دیا گیا ہے جہاں سے آٹا، گھی اور چینی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔

مزید خبریں :