پاکستان

کورونا وائرس: چھٹیوں کی وجہ سے نجی تعلیمی اداروں نے آن لائن کلاسز شروع کردیں

فائل فوٹو

کورونا وائرس کی وجہ سے سندھ کے تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش پر طلباء وطالبات کا تعلیمی سال بچانے کے لیے کیمبرج ایجوکیشن سسٹم سے منسلک کراچی کے نجی کالجز نے آن لائن کلاسز کا آغاز کردیا۔

کراچی میں آن لائن کلاسز کے لیے اے لیول کے کالجز سیڈر، نکسر اور لائسیم نے  پہل کی ہے، تعلیمی اداروں نے طلبہ کو  اینڈرائیڈ، ایپل موبائل فونز، آئی پیڈز، لیپ ٹاپس اور کمپیوٹر پر  آن لائن کلاسز کی سہولت فراہم کی ہے۔

فونز پر ’زوم‘ نامی ایپ کے ذریعے طلبہ گھر بیٹھ کر لائیو اپنی ٹیچر سے اپنے ہی کلاس روم میں لیکچر میں شرکت کرتے ہیں، ہر طالب علم کو اس کے اسکول اور کلاس کا کوڈ فراہم کیا گیا ہے۔

 ایپ میں لاگ ان ہونے کے لیے مطلوبہ خانہ پر کرکے پاس ورڈ یا کوڈ انٹر کرنے سے طالب علم کلاس کے مقررہ وقت پر ٹیچر سے آن لائن ہو جاتا ہے، طالب علم اپنی ڈیوائس کا مائیک اور کیمرہ بند کرکے کلاس میں شرکت کر سکتا ہے جب کہ لیکچر کے دوران ٹیچر اسکرین پر  طلبہ کو سمجھا بھی رہا ہوتا ہے۔

دوران لیکچر طالب علم کو کوئی سوال پوچھنا ہو تو ’ریز یور ہینڈ‘ کے آپشن میں جاکر تحریری طور پر لکھ سکتا ہے، یہی نہیں متعلقہ لیکچر سے متعلق ٹیچنگ میٹیریل اور نوٹس طالبعلم کو ای میل کیے جاتے ہیں۔

آن لائن لیکچر کے دوران طالب علم کی حاضری بھی مانیٹر کی جاتی ہے، موڈریٹرز اس دوران کلاس میں موجود ہوتے ہیں جو آن لائن اٹینڈنس چیک کرتے ہیں۔

والدین کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں 13 مارچ تک تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :