07 مارچ ، 2020
کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شہر میں انتہائی مخدوش عمارتوں کو فوری طور پر مسمار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق انتہائی خطرناک اور مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کے لیے گلبہار میں سروے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کےبعد اس طرح کی عمارتوں کو فوری خالی کراکر مسمار کیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا سروے میں غیر قانونی عمارتوں کی بھی نشاندہی کی جائے گی، گلبہارکے علاقے میں کئی مخدوش عمارتوں کی موجودگی کا خدشہ ہے، مخدوش قرار دی جانے والی عمارتوں پر مارکنگ کی جائے گی اور خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں کو فوری خالی کرانے کی سفاش کی جائے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ قابل مرمت عمارتوں کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گولیمار نمبر 2 میں 5 منزلہ رہائشی عمارت برابر والی عمارت پر گری جس سے ایک ساتھ 3 عمارتیں گری اور حادثے کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ فیڈرل بی ایریا میں بھی ایک عمارت کی گیلری گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
گولیمار میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس بی سی اے نے عمارت کو غیر قانونی قرار دیتے متعلقہ افسران کو معطل کردیا۔