طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کیلئے اسکولز 9 مارچ سے کھولنے کا اعلان

نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہوں گے، سرکاری اور نجی اسکولوں کا عملہ 9 مارچ سے حاضری یقینی بنائے: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی ہدایت— فوٹو: فائل 

وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے طلبہ کو میٹرک کے ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کے لیے اسکولز 9 مارچ سے کھولنے کا اعلان کردیا۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی زیر صدارت تعلیمی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر کے وہ اسکول اپنے دفاتر کھول سکتے ہیں جہاں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ہونے ہیں یا جن اسکولوں نے بچوں کو ایڈمٹ کارڈز تقسیم کرنے ہیں۔ 

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 16 مارچ سے شروع ہوں گے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث اسکول بند کرنے پڑے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو میٹرک کے ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کے لیے اسکولز 9 مارچ سے کھولے جائیں گے۔

سعید غنی نے ہدایت کی کہ سرکاری اور نجی اسکولوں کا عملہ 9 مارچ سے حاضری یقینی بنائے  اور میٹرک کے ایڈمٹ کارڈ تمام اسکولز ثانوی تعلیمی بورڈ سے لے لیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکولز صرف ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کے لیے کھولے جائیں گے اور  تدریسی عمل کے لیے تمام اسکولز 16 مارچ کو کھلیں گے۔

امتحانات کے لیے ہدایات دیتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ غیر متعلقہ افراد کا امتحانی مراکز میں داخلہ ممنوع ہوگا، امتحانی مراکز میں میڈیا کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون، اسمارٹ فون اور ہینڈز فری لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، امتحانی مراکز میں امیدوار سے ملنے والا موبائل فون ضبط کر لیا جائے گا جبکہ نقل میں معاونت کرنے والے اساتذہ کو نوکری سے نکال دیا جائے گا اور نقل کرنے والے بچے کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  پیپر لیک ہونے سے روکنے کے لیے بھی پالیسی بنارہے ہیں۔

رواں سال ڈھائی ماہ کی گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی: صوبائی وزیرتعلیم

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں نیا تعلیمی سال 15اپریل سے شروع ہوگا اور رواں سال گرمیوں کی چھٹیاں یکم مئی سے 15 جولائی تک ہوں گی۔

صوبائی وزیرتعلیم نے مزید کہا کہ 2021 سے تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہوگا اور گرمیوں کی تعطیلات جون اور جولائی میں ہوں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ بچوں کو اپریل میں ہی کتابیں فراہم کرے۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے صوبے بھر میں 13 مارچ تک اسکول بند کردیے گئے ہیں۔ 

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آچکے ہیں اور متاثرہ تمام افراد نے ایران کا سفر کیا تھا۔

اب تک کراچی میں 3، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم کراچی میں سب سے پہلے سامنے آنے والا کورونا کا مریض یحیٰ جعفری صحتیاب ہوچکا ہے اور کراچی میں دیگر دو افراد زیر علاج ہیں۔

مزید خبریں :