دنیا
Time 07 مارچ ، 2020

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی

چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی—فوٹو اے ایف پی 

چین سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلنے والے موذی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

مختلف ممالک سے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 102،237 ہوچکی ہے  اور وائرس سے اب تک 3,497 افراد ہلاک جبکہ 57ہزار 622 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

چین میں مزید 28 ہلاکتیں

چین میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے زائد ہوئی ہے جب کہ 99 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 80 ہزار 561 ہوگئی ہے۔

جنوبی کوریا میں ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی

چین کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ملک جنوبی کوریا ہے جہاں سے اب تک 7 ہزار کے قریب کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 44 ہوگئی ہے۔



ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 145 ہوگئی

ایران میں کورونا وائرس سے خاتون رکن پارلیمنٹ سمیت مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے  ہیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی کل تعداد 145 ہوچکی ہے۔

ایران میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 800 سے زائد ہوچکی ہے ،جن میں 23 رکن پارلیمنٹ بھی شامل ہیں،جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی رکن 55 سالہ فاطمی رہبر چند روز سے کورونا وائرس میں مبتلا تھیں جن کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ایرانی میڈیا کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا سے 233 ہلاک ہوگئے

اٹلی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 233 ہوچکی ہے، چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں۔ 

حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں کورونا وائرس سے 49 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ 5ہزار 883 افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

کیلی فورنیا پر بحری جہاز کے مسافروں میں وائرس کی تصدیق

عرب خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں کیلی فورنیا کے ساحل پر ایک اور گرانڈ پرنس نامی بحری جہاز سے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے تصدیق کی کہ گزشتہ دو جہازوں کی طرح ایک اور جہاز کا عملہ اور مسافر وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امکان ہے کہ عملے کے تقریباً 1150 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

ان ممالک کے علاوہ جرمنی، فرانس، جاپان، سنگاپور، اسپین، دبئی، سعودی عرب، بھارت پاکستان اور  افغانستان سمیت 90 سے زائد ممالک میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا کے تمام ممالک کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے مطابق وائرس کی وجہ سے 13 ملکوں میں اسکول بند ہیں جس کی وجہ سے 29 کروڑوں بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 50 ارب ڈالر جب کہ عالمی بینک کی جانب سے 12 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :