09 مارچ ، 2020
کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 جبکہ ملک بھر میں تعداد 16 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ 6 مریض شام سے براستہ دوحہ پاکستان پہنچے جبکہ 3 مریض لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچے۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ایک 53 سالہ شخص کراچی کے ضلع شرقی کا رہائشی ہے۔ متاثرہ شخص شام سے دوحہ اور پھر پاکستان پہنچا ہے، متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے اور یہ تمام کیسز شہر کراچی میں سامنے آئے ہیں جبکہ ان مریضوں میں سے ایک شخص یحییٰ جعفری صحتیاب ہوکر گھر منتقل ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ان مریضوں میں سے سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔
دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے ایک لاکھ 11 ہزار 862 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3893 افراد ہلاک اور 62722 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ 80 ہزار 739 کیسز صرف چین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
چین میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 58 ہزار 742 ہے جبکہ 18 ہزار 877 افراد زیر علاج ہیں اور وائرس سے 3 ہزار 120 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ جانی نقصان اٹلی میں ہوا جہاں اب تک 366 لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 7,375 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 622 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6,387 افراد زیر علاج ہیں۔
ہلاکتوں کے اعتبار سے تیسرا سب سے زیادہ متاثر ملک ایران ہے جہاں آج بھی 595 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہزار 161 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 237 تک پہنچ گئی ہے۔ ایران میں 2,394 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 4,530 افراد زیر علاج ہیں۔