فی الحال تعلیمی ادارے 16 مارچ سے ہی کھلیں گے: سندھ حکومت

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان نے فی الحال صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 16 مارچ سے ہی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 16 مارچ کو کھولنے کے فیصلے پر قائم ہیں، صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں، اگر صورتحال ایسی ہوئی کہ اسکول مزید بند کرنا پڑے تو حکومت اس پر فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک محکمہ صحت کی جانب سے پی ایس ایل میچز پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کی تجویز موصول نہیں ہوئی جب کہ وزیرصحت سے بھی بات کی ہے، پی ایس ایل میچز پر پابندی سے متعلق کوئی تجویز نہیں دی گئی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں کورونا کے تمام کیسز بیرون ملک سے آئے ہیں، اندرون ملک یا اندرون شہر کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اسی لیے ائیرپورٹس پر اسکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بار بار وفاقی حکومت سے درخواست کررہے ہیں جب کہ انہوں نے ایف آئی اے اور ائیرپورٹس حکام کو بھی میٹنگ میں اسکریننگ کا عمل مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ 

واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہے جن میں کراچی سے مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہے۔

مزید خبریں :