دنیا
Time 10 مارچ ، 2020

کیا ٹرمپ کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا؟

فائل فوٹو: ٹرمپ

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تردید کردی۔

چین سے پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے امریکا میں بھی 700 سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور 27 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔

امریکا میں وائرس سے متاثرہ افراد میں کانگریس کے 2 رکن بھی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کے بعد کانگریسی رکن ڈوگ کولنز میں وائرس کی تصدیق کی گئی جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ہاتھ بھی ملایا تھا۔

کانگریس رکن میں وائرس کی تصدیق کےبعد افواہیں زیر گردش تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کووڈ-19 کا ٹیسٹ کروایا ہے لیکن وائٹ ہاؤس نے اس کی تردید کرتے ہوئے ایک بیان میں وضاحت پیش کی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا اور ان میں وائرس کی کوئی علامات بھی نہیں ہیں جب کہ  صدر ٹرمپ کا نہ کسی ایسے شخص سے قریبی رابطہ ہے جو کووڈ-19 میں مبتلا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت اچھی ہے اور ان کے ذاتی معالج ان کا معائنہ کرتے رہیں گے، فی الحال وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ ان کے ذاتی معالج ان کے لیے کیا تجویز کرتے ہیں تاہم ان کے ٹیسٹ سے متعلق آگاہ کردیا جائے گا۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔

مزید خبریں :