دنیا
Time 10 مارچ ، 2020

چینی صدر نے ووہان میں کورونا پر مکمل کنٹرول فی الحال مشکل قرار دے دیا

چینی صدر کو ووہان میں قائم سینٹر میں کورونا وائرس کے علاج اور تحقیق پر بریفنگ دی گئی ،فوٹو:زنہوا

چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ صوبے ہوبئی اور  اس کے شہر ووہان میں وائرس پر مکمل طور  پر قابو پانے کا کام ابھی بھی مشکل ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے قائم میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا۔

چینی صدر نے طبی عملے اور ماہرین سے ملاقات کی، اس موقع پر شی جن پنگ کو کورونا وائرس کے علاج اور اس حوالے سے کی جانے والی تحقیق پر بریفنگ دی گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق چینی صدرکا اس موقع پرکہنا تھا کہ صوبہ ہوبئی اور ووہان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کاکام ابھی بھی مشکل ہے۔

شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہمارا پہلا مقصد ووہان اور ہوبئی میں صورتحال کو تبدیل اور مستحکم کرنا تھا جو کہ ہم حاصل کرچکے ہیں۔

مہلک وبا کے باعث صوبہ ہوبئی کی معیشت کو ہونے والے نقصانات پر ان کا کہنا تھا کہ اس سے ہوبئی کی طویل المدتی مثبت رفتار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

کورونا وائرس سے چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز

واضح رہےکہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے  دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 16 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ اس مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز ہوچکی ہے۔

مہلک وبا سے سب سے زیادہ افراد چین میں ہی متاثر ہوئے ہیں جن کی تعداد ساڑھے 80 ہزار ہوچکی ہے جب کہ 17 نئی اموات کے بعد چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 136 ہوچکی ہے۔

 ’کورونا وائرس‘ اصل میں ہے کیا؟

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جس کی وجہ سے عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔

یہ وائرس عام طور پر جانوروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر سارس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ بلیوں کی ایک خاص نسل Civet Cats جسے اردو میں مشک بلاؤ اور گربہ زباد وغیرہ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے انسانوں میں منتقل ہوا جبکہ مرس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک خاص نسل کے اونٹ سے انسانوں میں منتقل ہوا۔

مزید خبریں :