Time 10 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا: اٹلی میں 977 نئے کیسز آگئے، مزید 168 افراد ہلاک

کورونا وائرس دنیا کے 115 ممالک تک پہنچ چکا ہے جس سے اب تک دنیا بھر میں 4 ہزار 264 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر متاثرہ ایک لاکھ 18 ہزار 123 مریضوں میں سے 65 ہزار 105 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے دنیا بھر کی معیشتیں بھی سست روی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں بھی بندی ہے تاہم اچھی بات یہ ہے کہ چین میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہوبئی میں لاک ڈاؤن بھی نرم کردیا گیا ہے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ نے کورونا سے دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان کا دورہ کیا ہے۔

چین

چین میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہوبئی میں لاک ڈاؤن بھی نرم کردیا گیا ہے— فوٹو: فائل

چین میں کورونا وائرس سے آج مزید 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد چین میں میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اموات کی تعداد 3 ہزار 136 ہوگئی ہے۔

چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 80761 ہوگئی ہے تاہم ان میں سے 60 ہزار 113 افراد صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں جبکہ 17 ہزار 512 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 4 ہزار 794 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

اٹلی

اٹلی میں تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں— فوٹو: رائٹرز

اٹلی کورونا کے سبب پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، ملک بھر میں نقل وحرکت، اجتماعات ، شادی سمیت دیگر تقریبات پر پابندی ہے۔ تمام ریسٹورنٹس کو شام 6 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اٹلی میں آج مزید 977 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 168 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اٹلی میں اب تک 10,149 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 631 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے اٹلی یورپ کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔

ایران

دنیا میں کورونا وائرس سے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی ہیں— فوٹو: رائٹرز

دنیا میں کورونا وائرس سے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی ہیں۔ ایران میں آج بھی881 نئے کیسز سامنے آئے اور 54 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 291 ہوگئی ہے۔ ایران میں مجموعی طور پر 8 ہزار 42 افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 2731 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

جنوبی کوریا

جنوبی کوریا میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید 51 کیسز سامنے آئے جبکہ صرف ایک ہلاکت ہوئی— فوٹو: فائل

جنوبی کوریا میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید 35 کیسز سامنے آئے جبکہ 5 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد جنوبی کوریا میں مجموعی اموات 58 ہوگئیں۔ جنوبی کوریا میں اب تک 7513 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 247 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسپین

اسپین میں آج کورونا سے 5 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد کورونا سے کُل ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں— فوٹو: رائٹرز

کورونا وائرس سے یورپ میں دوسرا سب سے متاثر ملک اسپین ہے جہاں آج مزید 443 افراد میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1674 ہوگئی ہے۔

اسپین میں آج کورونا سے 5 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد کورونا سے کُل ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔

فرانس

یورپی ملک فرانس میں اب تک 1412 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے— فوٹو: رائٹرز

یورپی ملک فرانس میں اب تک 1412 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 30 افراد ہلاک اور 12 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

جرمنی

جرمنی میں کھیلوں کے تمام مقابلے منسوخ کردیے گئے ہیں  — فوٹو: رائٹرز

جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1437 تک جاپہنچی ہے اور آج بھی 213 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ملک میں اب تک صرف 2اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

امریکا

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے— فوٹو: رائٹرز

امریکا میں بھی کورونا وائرس تباہی پھیلارہا ہے اور اب تک 773 امریکی شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ آج بھی کورونا کے 69 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 2 افراد ہلاک بھی ہوئے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 28ہوگئی ہے۔

جاپان

فوٹو : فائل

جاپان میں آج مزید 51 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 581 ہوگئی ہے۔ جاپان میں آج ایک ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتیں 10 ہوگئی ہیں۔

سوئٹزرلینڈ

سوئٹزرلینڈ میں مزید ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 3 ہوگئی ہے— فوٹو: رائٹرز

سوئٹزرلینڈ میں آج مزید 123 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 497 ہوگئی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں مزید ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 3 ہوگئی ہے۔

پاکستان

پاکستان میں آج پھر کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے— فوٹو: رائٹرز 

پاکستان میں آج پھر کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے جبکہ دو شہری صحتیاب ہوچکے ہیں اور اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

چین سے دنیا میں پھیلنے والا ’کورونا وائرس‘ اصل میں ہے کیا؟

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جس کی وجہ سے عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔

یہ وائرس عام طور پر جانوروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر سارس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ بلیوں کی ایک خاص نسل Civet Cats جسے اردو میں مشک بلاؤ اور گربہ زباد وغیرہ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے انسانوں میں منتقل ہوا جبکہ مرس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک خاص نسل کے اونٹ سے انسانوں میں منتقل ہوا۔

اس کی علامات کیا ہیں؟

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

یہ کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟

ماہرین کے مطابق کورونا وائرس اتنا خطرناک نہیں جتنا کہ اس وائرس کی ایک اور قسم سارس ہے جس سے 3-2002 کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 800 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور یہ وائرس بھی چین سے پھیلا تھا۔

ماہرین صحت کی ہدایات

ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری انفلوئنزا یا فلو جیسی ہی ہے اور اس سے ابھی تک اموات کافی حد تک کم ہیں۔

ماہرین کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق لوگوں کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے چاہئیں اور ماسک کا استعمال کرنا چاہیئے اور بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات استعمال کرنی چاہیئے۔

مزید خبریں :