Time 12 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: فلپائن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا ہیڈ کوارٹر بند

فائل فوٹو

منیلا: کورونا وائرس کے باعث ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈ کوارٹر اور فلپائنی سینیٹ کو بند کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی انتظامیہ نے 12 مارچ کو منیلا میں واقع بینک کا ہیڈ کوارٹر بند کرنے کا اعلان کیا۔

انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ بینک میں آنے والے ایک صارف میں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہےکہ بینک کے آپریشن جاری رہیں گے البتہ ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں جب کہ انتظامیہ بینک کو کھولنے کے حوالے سے آئندہ آنے والے دنوں میں فیصلہ کرے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر نے کہا ہے کہ ملازمین، بینک آنے والے صارفین اور ان کے اہلخانہ کا تحفظ ہمارے لیے سب سے زیادہ اہم ہے۔

فلپائن کی سینیٹ بھی بند

دوسری جانب فلپائنی دارالحکومت منیلا میں ہی واقع سینیٹ کا وزٹ کرنے والے ایک شخص میں وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سینیٹ کو بند کردیا گیا ہے جب کہ پارلیمنٹ کی بلڈنگ میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احتیاطی تدابیر کے تحت فلپائنی صدر کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

واضح رہےکہ فلپائن میں اب تک کورونا وائرس کے 49 کیسز سامنے آئے ہیں اور وائرس سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد حکام نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جس کے تحت منیلا میں تمام تعلیمی ادارے ایک ہفتے کے لیے بند ہیں۔

مزید خبریں :