11 مارچ ، 2020
کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ترک صدر طیب اردوان نے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے جنرل سیکرٹری جینز اسٹالٹن برگ سے مصافحے سے گریز کیا۔
9 مارچ کو ترک صدر طیب اردوان یورپی ملک بیلجیم کے دورے پر برسلز پہنچے جہاں انہوں نے یورپی یونین اور نیٹو کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ترک صدر نے استنبول سے روانگی اور پھر برسلز پہنچنے پر استقبال کرنے والے افراد سے بھی مصافحہ نہیں کیا۔
برسلز میں ترک کمیونٹی سے خطاب کے دوران بھی طیب اردوان کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر بتاتے رہے۔
ترک صدر طیب اردوان نے برسلز میں نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے جنرل سیکرٹری جینز اسٹالٹن برگ سے ملاقات کی اور مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد مصافحے سے گریز کیا۔
ترک صدر طیب اردوان نے ترک انداز میں سینے پر ہاتھ رکھ کر سلام کیا اور کورونا وائرس کہا جس پر کانفرنس روم قہقہوں سے گونج اٹھا اور نیٹو کے جنرل سیکرٹری نے بھی روایتی ترک انداز میں جواب دیا۔
خیال رہے کہ یورپی ملک بیلجیم میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ دنوں نیٹو کے ہیڈکوارٹر میں بھی ایک کیس سامنے آیا تھا۔
اس کے علاوہ بیلجیم میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 314 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
چین سمیت دنیا بھر میں موذی کورونا وائرس سے اب تک 4390 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3158 ہے۔