12 مارچ ، 2020
اسلام آباد: فیس بک نے ملک میں کورونا وائرس کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق سماجی رابطے کی مقبول سائٹ فیس بک کے انٹرنیشنل وفد نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کی جس میں نمائندہ گورنمنٹ اینڈ پبلک ایڈوکیسی جولن ذو اور صارم عزیز بھی شامل تھے۔
ترجمان وزارتِ صحت نے بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان کورونا وائرس کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اس دوران وفد نے کورونا وائرس کے سلسلے میں آگاہی کے لیے تعاون کی پیش کش کی۔
اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ سوشل میڈیا صارفین فیس بک کے پلیٹ فارم پر ہیں، تقریباً 41 ملین سے زائد لوگ فیس بک استعمال کرتے ہیں لہٰذا فیس بک انٹرنیشنل کے تعاون سے کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دینے میں مدد ملے گی۔
اس دوران وائرس سے متعلق انٹرنیٹ پر بے شمار غلط اور جعلی معلومات کی بھرمار پر نمائندہ گورنمنٹ اینڈ پبلک ایڈوکیسی جولن ذو کا کہنا تھا کہ کووڈ-19 کے حوالے سے غلط معلومات کو فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے جس کے باعث حکومت کی جانب سے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد محکمہ صحت نے کراچی میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور تعلیمی ادارے لمبے دورانیے تک بند رکھنے کی سفارش کی ہے۔
محکمہ صحت نے ائیرپورٹ پورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے کراچی آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ تمام نجی و سرکاری اسپتالوں میں فرنٹ لائن ڈیسک بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فرنٹ لائن ڈیسک کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کرے گی۔