Time 12 مارچ ، 2020
کاروبار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، ایک ہفتے میں دوسری بار خریدو فروخت روکی گئی

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ کی طرح پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی شدید مندی کا شکار ہے۔

کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان پایا جا رہا ہے اور ایک ہفتے کے دوران دوسری بار پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کا لین دین 45 منٹ کے لیے روکا گیا۔

پاکستان میں عموماً 100 انڈکس کو فالو کیا جاتا ہے لیکن اگر 30 انڈکس میں 4 فی صد گراوٹ ہو اور وہ مسلسل 5 منٹ تک برقرار رہے تو حصص کا لین دین 45 منٹ کے لیے روک دیا جاتا ہے جب کہ کے ایس ای 30 انڈکس میں 4 فی صد سے زائد گراوٹ دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 1284 پوائنٹس کمی سے 36388 پر ٹریڈ کر رہا ہے جب کہ کے ایس ای 30 انڈیکس 4 اعشاریہ 36 فی صد کمی کے بعد 16 ہزار 220 پوائنٹس پر ہے۔

امریکا کے صدر ٹرمپ کی جانب سے یورپی پروازوں پر پابندی کے اعلان کے ساتھ ہی عالمی منڈیوں میں منفی رجحان دیکھا گیا۔

بھارتی اسٹاک میں شدید مندی کا رجحان رہا اور مارکیٹ 2700 پوائنٹس گر گئی اور بھارتی روپے کی قدر بھی ایک فی صد گھٹ گئی۔

امریکی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان برقرار رہا جب کہ جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں 3 اعشاریہ 3 فی صد کمی ہوئی۔

چینی اسٹاک مارکیٹ میں ایک اعشاریہ 7 فی صد، ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 3 اعشاریہ 8 فی صد اور سنگاپور میں 3 اعشاریہ 9 فی صد کمی دیکھنے میں آئی۔

مزید خبریں :