پاکستان

سرکاری حج اسکیم : 86ہزار 765 افراد بذریعہ قرعہ اندازی منتخب ہوگئے

سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے کے خواہش مند 86ہزار 765 افراد بذریعہ قرعہ اندازی منتخب ہو گئے۔

اسلام آباد میں سرکاری اسکیم کے تحت جمع درخواستوں کی قرعہ اندازی کی تقریب ہوئی۔

قرعہ اندازی میں 14 لاکھ 9 ہزار 295 افراد میں سے کل 86 ہزار 765 افراد منتخب ہوئے، جن افراد کے نام نہیں آسکے انہیں کل سے بینکوں سے رقم واپس ملنا شروع ہوجائے گی۔

سرکاری اسکیم کے تحت 3 سال سے ناکام رہنے والے ساڑھے 7 ہزار افراد اور 70 سال سے زائد عمر کے 10 ہزار افراد اور ایک ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ رواں سال کم حج درخواستیں آنے کی وجہ کورونا وائرس ہے،گذشتہ سال حج شکایات کرنے والے وہ لوگ تھے جنھیں عمران خان سے چِڑ ہے۔

وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باوجود سعودی حکومت نے حج انتظامات جاری رکھنے کا کہا ہے البتہ اس حوالے سے مستقبل میں کوئی فیصلہ ہوا تو ایک لاکھ سے زائد کوٹہ والے ممالک کو مشاورت میں شامل کرکے کیا جائے گا۔

' تیل سستا ہونےکا ریلیف حاجیوں کو فراہم کرنے کی کوشش کریں گے'

وفاقی وزیر نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کا تاحال کوئی کوٹہ نہیں رکھا گیا، بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہونے کا ریلیف حاجیوں کو فراہم کرنے کی کوشش کریں گے اس حوالے سے ائیر لائنز سے بھی بات چیت کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  سرکاری حج کوٹہ  ایک لاکھ 5 ہزار 413 افراد کا تھا، تمام درخواست گزاروں کو نتائج سے بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کردیا جائےگا، قرعہ اندازی میں کامیاب حجاج کو میڈیکل سرٹیفکیٹ 19 مارچ تک جمع کرانا ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت پاکستان کے مجموعی حج کوٹے میں سے 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

سعودی حکومت کی جانب سے مختص کوٹے کے مطابق ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔

مزید خبریں :