Time 13 مارچ ، 2020
پاکستان

میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

فائل فوٹو

لاہور: جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی۔

قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سعدیہ تیمور نے جمع کرائی جس کے متن میں کہا گیا ہےکہ ایوان میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہے، ان کی گرفتاری صحافت کی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہےکہ جنگ اور جیو نے ہمیشہ حقائق پر مبنی صحافت کی ہے،  جنگ ،جیو نے جمہوریت کے تحفظ اور آمریت کے خلاف ہمیشہ قابل ذکر کردار ادا  کیا، میر شکیل الرحمان کی نجی نوعیت کے معاملے میں گرفتاری ناقابل فہم ہے۔

متن کے مطابق میر شکیل الرحمان آزادی صحافت کے علمبر دار ہیں اور ایوان ان کی گرفتاری کو نیب کا ایک اور متنازع فیصلہ قراردیتا ہے، وہ ملک کے سب سے بڑے صحافتی ادارے کے مالک ہیں، جنگ گروپ کبھی حکومتی دباﺅ کو خاطر میں نہیں لایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لیا۔

ترجمان جنگ گروپ کا مؤقف

ترجمان جنگ گروپ کے مطابق یہ پراپرٹی 34 برس قبل خریدی گئی تھی جس کے تمام شواہد نیب کو فراہم کردیے گئے تھے جن میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے قانونی تقاضے پورے کرنے کی دستاویز بھی شامل ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمان نے یہ پراپرٹی پرائیوٹ افراد سے خریدی تھی، میر شکیل الرحمان اس کیس کے سلسلے میں دو بار خود نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے، دوسری پیشی پر میر شکیل الرحمان کو جواب دینے کے باوجود گرفتار کر لیا گیا، نیب نجی پراپرٹی معاملے میں ایک شخص کو کیسےگرفتار کر سکتا ہے؟ میر شکیل الرحمان کوجھوٹے، من گھڑت کیس میں گرفتارکیاگیا، قانونی طریقے سے سب بےنقاب کریں گے۔ مزید پڑھیں۔۔

پس منظر

جنگ گروپ کیخلاف تمام الزامات چاہے وہ 34 سال پرانے ہوں یا تازہ، سب قانونِ عدالت کے سامنے چاہے وہ برطانیہ کی ہو یا پاکستان کی، جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

جنگ گروپ پر بیرونِ ممالک سے فنڈز لینے، سیاسی سرپرستوں سے فنڈز لینے، غداری، توہین مذہب اور ٹیکس وغیرہ سے متعلق تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

جنگ گروپ کے اخبارات، چینلز کو بند کیا گیا، رپورٹرز، ایڈیٹرز اور اینکرز کو مارا گیا، قتل کیا گیا، پابندی عائد کی گئی، بائیکاٹ کیا گیا لیکن ہم آج بھی عزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور سچ کی تلاش کی ہماری کوشش جاری رہے گی۔

نیب کو شکایت کرنے والا شخص جعلی ڈگری بنانے والی کمپنی کیلئے کام کرتا ہے اور اس کمپنی کی ایک میڈیا کمپنی بھی ہے جوکہ بین الاقوامی طور پر بارہا بے نقابل ہوچکی ہیں۔

جنگ گروپ اس شکایت کنندہ کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ جیت چکا ہے اور یہ شخص متعدد دیگر فوجداری اور ہتک عزت کے کیسز میں قانونی چارہ جوئی بھگت رہا ہے۔ انشاء اللہ ہم ان تمام کیسز میں بھی سرخرو ہوں گے۔

مزید خبریں :