Time 14 مارچ ، 2020
سائنس و ٹیکنالوجی

سام سنگ کی فونز کو جراثیم سے پاک کرنے کیلیے مفت سروس کی پیشکش

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی موجودہ صورتحال نے پوری دنیا میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے کیونکہ یہ وائرس ہاتھ ملانے سے بھی پھیل رہا ہے۔

اسی صورتحال کے پیشِ نظر معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کی جانب سے ایک مفت سروس کا آغاز کیا گیا ہے جس کا نام ’گیلیکسی سینیٹائزنگ سروس‘ ہے۔

سام سنگ کی جانب سے پیش کی جانے والی اس مفت سروس کے ذریعے صارفین کے موبائل فون کو الٹرا وائلٹ (یو وی) شعاعوں کے ذریعے جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔

تحقیق کے مطابق ہمارے اسمارٹ فونز پر بے شمار بیکٹیریا ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسمارٹ فونز کو بھی جراثیم سے پاک کرنا بے حد ضروری ہے۔

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

سام سنگ کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ مفت سروس پاکستان سمیت دنیا کے دیگر 18 ممالک میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

’دی گیلیکسی سینیٹائزنگ سروس‘ کے لیے صارفین کو سام سنگ سروس سینٹر یا سام سنگ ایکسپیرینس اسٹور جانا ہوگا جہاں سے یہ مفت میں یہ سروس حاصل کر سکیں گے۔

علاوہ ازیں صارفین موبائل فونز کے علاوہ سام سنگ گیلیکسی واچ اور گیلیکسی ائیر بڈز کو بھی سروس سینٹر سے سینیٹائز کروا سکتے ہیں۔

سام سنگ کی جانب سے کیے جانے والے اس احسن اقدام کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چین سے پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس اب 145 ممالک اور علاقوں تک پھیل گیا ہے اور اس سے ہلاک افراد کی تعداد 5 ہزار 436 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :