Time 14 مارچ ، 2020
پاکستان

میر شکیل الرحمان اس لیے جیل گئے کہ ان کا اخبار سچ لکھتا ہے، شاہد خاقان عباسی

ملتان : پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سارا پاکستان جانتا ہے یہ حکومت کیسے اقتدار میں آئی، ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا سیلاب ہے، مسائل کی وجہ عوام کی نمائندہ حکومت نہ ہونا ہے۔

اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم چاہتے میں کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہو، ہم اقتدار کی جنگ نہیں لڑ رہے، قانون اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، ہمیں جیل جانے کا راستہ جاوید ہاشمی نے دکھایا تھا، سیاستدان تو جیل جاتے ہی تھے اب تو بات یہاں بھی نہیں رکی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’میرشکیل الرحمان اس لیے جیل گئے کہ ان کا اخبار سچ لکھتا ہے، سچ لکھنے پر میرشکیل الرحمان پر دباؤ ڈالا گیا جب کام نہیں ہوا تو کیس بنایا گیا، تفتیش اور الزام تو بعد کی بات تھی، شکایت کی تصدیق کے وقت ہی گرفتاری کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ جیلوں سے ڈرنے والی نہیں، حکومت نے عوام تک سچ پہنچانے پر صحافت پر وار کیا ہے، صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کامیابی حق کی ہوگی۔

بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ بننا چاہیے، شاہد خاقان

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسمبلی میں قرار داد جاچکی ہے کہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ بننا چاہیے، تحریک انصاف اگر جنوبی پنجاب سے مخلص ہے تو اسمبلی آئے اور مشاورت کرے۔

عمران خان کے پیچھے فارن فنڈنگ ہے، احسن اقبال

اس موقع پر ن لیگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے فسطائیت کا پرچم اٹھایا ہے اور اپوزیشن نے جمہوریت کا پرچم ، ایک طرف صحافت اور سچ کو کچلنے کی قوتیں ہیں اور دوسری طرف عمران خان کے پیچھے فارن فنڈنگ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بیرونی قوتوں نے عمران خان پر پیسہ لگایا اور پاکستان پر مسلط کیا، عمران خان صنعت زراعت، معیشت سب کچھ تباہ کردیا ہے، پاکستان دشمن لابی نے عمران خان پر پیسہ لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک معاہدے پر اتفاق کرنا ہوگا، صاف شفاف انتخابات اور ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، میوزیکل چیئر کا سلسلہ چلتا رہا تو ایٹمی صلاحت خطرے میں پڑ جائے گی۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ مضبوط معیشت، مضبوط سیاست کے بغیر قائم نہیں ہوسکتی، ہم نے جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے پر غیر مشروط تعاون کی پیشکش کی تھی، پنجاب اسمبلی نے دو صوبے بنانے کی قرار داد منظور کی ہے، حکومت اگر اس قرارداد کے منافی کوئی قانون لاتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ہم اس حملے کا مقابلہ کریں گے، آج ہزاروں میڈیا ورکرز نوکریوں سے نکالے گئے، تنخواہوں سے محروم ہیں۔

مزید خبریں :