دنیا
Time 14 مارچ ، 2020

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی بیوی قرنطینہ سے بھاگ گئی

 دونوں میاں بیوی حال ہی میں یونان، فرانس اور اٹلی میں ہنی مون سے واپس آئے تھے،فوٹو:فائل

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض کی بیوی قرنطینہ سے بھاگ گئی جسے حکام نے دوبارہ پکڑ کے ٹیسٹ کیے تو وہ بھی کورونا کا شکار نکلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں 'گوگل' کے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

اس دوران انکشاف ہوا کہ اس کی گذشتہ ماہ ہی شادی ہوئی ہے اور دونوں میاں بیوی حال ہی میں یونان، فرانس اور اٹلی میں ہنی مون سے واپس آئے ہیں۔

خیال رہے کہ اٹلی، چین کے بعد کورونا سے متاثرہ سب سے بڑا ملک بن چکا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 17 ہزار  اور ہلاکتوں کی تعداد  ساڑھے 12 سو سے زائد ہوچکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 25 سالہ خاتون کو شوہر کا ٹیسٹ مثبت آنےکے بعد قرنطینہ میں رکھاگیا تھا لیکن وہ اس کے اگلے ہی دن بھاگ کر اپنے میکے آگرہ چلی گئی۔

حکام کے مطابق  خاتون بذریعہ جہاز نئی دہلی پہنچی جس کے بعد وہ ٹرین میں سفر کرکے آگرہ پہنچی۔

محکمہ صحت کے حکام خاتون کو تلاش کرتے ہوئے اس کے میکے پہنچے تو اس کے والد نے اپنی بیٹی کی گھر میں موجودگی سے انکار کردیا، بعد ازاں مقامی مجسٹریٹ کی مدد سے خاتون اور اس کے گھر کے دیگر 8 افراد کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ کیے گئے۔

ٹیسٹ رپورٹس کے نتائج کے مطابق خاتون میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کورونا وائرس سے انتہائی متاثر ہے۔

خاتون کے والد اوربہن کوقرنطینہ میں رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے جب کہ دیگر اہلخانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مذکورہ خاتون کے سفر کے دوران دیگر افراد کے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوگئے

واضح رہے کہ   دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اب تک 5 ہزار 602 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت میں بھی اب تک 84 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 2 مریض کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :