دنیا
Time 14 مارچ ، 2020

کورونا وائرس کا خوف: امریکی سپر اسٹورز میں حفاظتی سامان پر شہری گتھم گتھا

کورونا وائرس کے خوف نے امریکی سپر اسٹورز کو بھی میدان جنگ بنادیا۔

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اب تک امریکا، برطانیہ، اٹلی، جاپان، بیلجیم، ڈنمارک سمیت 120 سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے۔

امریکا میں بھی کورونا وائرس کے باعث 50 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

امریکا میں ایمرجنسی نافذ ہونے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے جس کی جھلک امریکی سپر اسٹورز میں شہریوں کی لڑائیوں سے واضح ہے۔

گزشتہ روز دو امریکی ریاستوں کے سپر اسٹورز میں شہریوں کی لڑائی کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں شہری ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہیں۔

امریکی ریاست جارجیا اور نیویارک کے سپرز اسٹورز میں شہری زیادہ سے زیادہ راشن اکھٹا کرنے کے لیے ایک دوسرے سے الجھنے لگے اور سب سے زیادہ مارا ماری پانی، ماسک اورہینڈ سینی ٹائزرز کے شیلفس پر دیکھنے میں آئی۔

شہریوں کی لڑائی کے باعث اسٹورز میں توڑ پھوڑ بھی ہوئی اور کئی اشیاء بھی پھیل گئیں۔

شہریوں کی اسی مارا ماری کے دوران جارجیا میں 2 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکا میں کورونا وائرس کے مزید 252 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 2499 تک جاپہنچی ہے۔ 

گزشتہ دنوں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے ملاقاتوں کے بعد آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے جس کے نتیجے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ 

مزید خبریں :