14 مارچ ، 2020
واشنگٹن: امریکا میں کورونا وائرس کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے ساتھ وفاقی بجٹ میں سے 50 ارب ڈالر ایمرجنسی ریلیف فنڈ بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ آنے والے 8 ہفتے مشکل کے ہیں، ہم ابھی سیکھ سکتے ہیں اور اس وائرس کا رُخ بدل سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے تمام اسپتالوں اور دیکھ بھال کرنے والے مراکز میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نجی اداروں کے ساتھ مل کر کووڈ-19 کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی گنجائش پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہم اپنے لوگوں کو ان کی دیکھ بھال کی فراہمی کے لیے درکار ہر رکاوٹ کو دور کریں گے یا ان کو ختم کریں گے، کچھ بھی ہو جائے اپنے وسائل کو ہی استعمال کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان نے کورونا وائرس ریلیف پیکج منظور کر لیا ہے، ریلیف پیکج کےحق میں363 اور مخالفت میں 40 ووٹ دیئے گئے۔
تاہم اب یہ ریلیف پیکج منظوری کے لیے سینیٹ میں بھیجا جائے گا جو اس کی حتمی منظوری دے گا۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے 26 یورپی ممالک پر سفری پابندی بھی عائد کر رکھی ہے تاہم اس پابندی سے برطانیہ اور آئرلینڈ کو استثنیٰ حاصل ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں کووڈ-19 کے اب تک 2,329 کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں سے صرف 41 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جب کہ 50 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔