Time 15 مارچ ، 2020
دنیا

چین میں صورتحال بہتر، یورپی ممالک میں کورونا وائرس بے قابو

چین سے منظر عام پر آنے والے کورونا وائرس سے یورپی ممالک بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جہاں اب صورتحال بے قابو ہوگئی ہے۔

عالمی وبا سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 730 ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد 5 ہزار  839 تک پہنچ گئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے اور مریضوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم چین میں مزید 20 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 80 ہزار 844 ہوگئی ہے، دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں اب تک 3 ہزار 199 افراد ہلاک ہو چکے جب کہ 67 ہزار کے قریب افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

چین میں وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے تاہم کورونا وائرس سے یورپی ممالک میں صورتحال بےقابو ہو رہی ہے۔ 

یورپی ملک اٹلی میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز  کی تعداد 21 ہزار 157 ہوگئی ہے جب کہ اسپین میں بھی 6 ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد آج سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

 اسپین میں لاک ڈاون کا اطلاق آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے سے ہو گا۔

اسپین کے وزیراعظم نے عوام سے کہا کہ وہ ملازمت پر جانے یا سامان کی خریداری کے لیے گھروں سے نکلنے کے علاوہ باہر نہ نکلیں۔

پابندی کے باعث اسپین میں پھنسے سیاح اور طلبہ آبائی وطن لوٹنے کے لیے شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔

فرانس میں بھی  متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جن کی تعداد ساڑھے 4 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے تاہم مزید 12 اموات کے سبب ایفل ٹاور سمیت  تمام تفریحی مقامات اور ریستوران  بند کر دیئے گئے ہیں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سےگریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 فرانس کے وزیراعظم فلپے نے کورونا وبا کو اس صدی کا سب سے بڑا طبی بحران قرار دیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں مزید دو اموات کے بعد مجموعی ہلاکتیں13 ہوگئیں جب کہ مریضوں کی تعداد 1 ہزار 375 ہو گئی ہے۔

ادھر ڈنمارک سے بھی کورونا سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ بیلجیم، ناروے، سوئیڈن، نیدرلینڈ، آئرلینڈ، یونان، سلووینیا اورپولینڈ میں بھی کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ایشیا کے ممالک میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے جس سے ایران میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 729، بھارت میں 100، سعودی عرب میں 103، متحدہ عرب امارات میں85، انڈونیشیا میں 96 اور پاکستان میں 33 ہے۔

ایران میں گزشتہ روز  بھی 97 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 611 ہو گئی ہے جب کہ جنوبی کوریا میں ہلاکتیں 75 ہو گئی ہیں۔

مزید خبریں :