16 مارچ ، 2020
سماجی کارکن جبران ناصر نے امریکا سے واپسی کے بعد نقل و حرکت محدود کردی۔
حال ہی میں اداکارہ منشا پاشا سے منگنی کرنے والے جبران ناصر امریکا گئے تھے اور اس حوالے سے انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
جبران ناصر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں امریکا میں ایک ہفتہ گزارنے کے بعد پاکستان پہنچا، میں وہاں 3 ائیرپورٹس اور متعدد ٹرین اور سب وے اسٹیشنز سے گزرا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور خوفزدہ صورتحال کے باوجود امریکی حکام کی طرف سے کہیں بھی اسکریننگ نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں کراچی آیا تو یہاں تمام تر اقدامات موجود تھے اور اس لیے میں سندھ حکومت کی تعریف کرتا ہوں۔
علاوہ ازیں جبران ناصر نے کہا کہ میں نے اپنی نقل و حرکت کو محدود کردیا ہے کیونکہ کورونا کے بیشتر کیسز میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں، مجھے بھی کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں لیکن میں پھر بھی کورونا کا ٹیسٹ کراؤں گا اور باقی پاکستانیوں کو بھی یہی کہوں گا جو بھی بیرون ملک سے سفر کر کے آئے ہیں وہ ایسا ہی کریں۔
جبران ناصر کی پوسٹ پر ان کی منگیتر اداکارہ منشا پاشا نے بھی کمنٹ کیا اور لکھا کہ ’یہ میرے لیے مشکل وقت ہے میں نے تمہیں ایک ہفتے سے نہیں دیکھا لیکن احتیاط پہلے ہے‘۔
منشا پاشا نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ تمہارے کورونا کے ٹیسٹ کے نتائج منفی ہی آئیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 21 دسمبر کو اداکارہ منشا پاشانے سماجی کارکن و سیاست دان جبران ناصر سے منگنی کی تھی۔