16 مارچ ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے سیمی فائنل سے قبل لاہور قلندرز کو ایک بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اس کے آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین نے اعلان کیا کہ وہ پی ایس ایل چھوڑ کر فوری طور پر وطن واپس جا رہے ہیں۔
جارح مزاج بیٹسمین نے اتوار کی دوپہر لاہور قلندرز کی جانب سے 55 گیندوں پر 113 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز کے خلاف فتح دلواکر ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا لیکن کرس لین اب سیمی فائنل میں لاہور کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
کرس لین نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں اپنا قیام انجوئے کیا لیکن موجودہ حالات میں انہوں نے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ مؤقف اختیار کیا کہ زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور یہی ان کے فیصلے کی بنیاد ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ناک آؤٹ مرحلے میں ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ویزے اور سری لنکا کے سیکوگے پرسنا نے بھی لاہور قلندرز کے ساتھ پی ایس ایل میں اپنا سفر ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔
غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل ادھورا چھوڑنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش کے بعد کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد کھلاڑیوں کو آپشن دیا تھا کہ اگر وہ چاہیں تو گھروں کو واپس روانہ ہو سکتے ہیں۔
پی سی بی کی پیشکش کے بعد پہلے مرحلے میں 11 کھلاڑیوں نے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد یونائٹیڈ کے 3 پلیئرز بھی گھر چلے گئے تھے۔
کرس لین، ڈیوڈ ویزے اور پرسنا کی وطن واپسی کے بعد لاہور قلندرز کے پاس فی الحال بین ڈنک، سمت پٹیل اور ڈین ویلاس بطور غیر ملکی پلیئرز موجود ہیں۔
لاہور قلندرز کی ٹیم منگل کو پی ایس ایل 5 کے سیمی فائنل میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی، کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز اور مچل میک کلینگن بھی پاکستان سپر لیگ چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔